اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں لاپتہ درجنوں پاکستانیوں کے بچنے کی امیدیں ختم ہو گئی ہیں۔
یونان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر آفتاب قریشی کا کہنا تھا کہ کشتی حادثے میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی، کشتی میں 80 سے زائد پاکستانی سوار تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، تاہم لاپتہ افراد کے بچنے کی امیدیں کم ہیں۔ کشتی میں پہلے شگاف پڑا اور پھر ڈوب گئی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق یونان میں کشتی الٹنے کے واقعے میں یونانی حکام کے مطابق 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں، ہمارا مشن یونانی حکام سے رابطے میں ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس 17 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر