اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کارپوریشن لمیٹڈ نے خرم مشتاق کو قائم مقام سی ای او مقرر کر دیا۔
پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق خرم مشتاق، ائیر وائس مارشل عامر حیات کی مدت ملازمت ختم ہونے پر عہدے کا چارج لیں گے۔
خرم مشتاق پی آئی اے کے سینیئر ترین چیفس میں سے ایک ہیں اور ہوابازی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پی آئی اے کے کمرشل، ائیرپورٹ سروسز، فلائٹ سروسز، سیکیورٹی و ویجلنس کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گھروں کی تعمیر کیلئے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ، مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے
دوسری جانب سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے ادارے کی نجکاری کا کیس نمٹا دیا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ نے پی آئی اے کی نجکاری کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے پی آئی اے انتظامیہ کو نئے پروفیشنلز بھرتی کرنے کی اجازت دی تھی تاہم نجکاری کے عمل سے نئی بھرتیاں نہیں کی گئیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پی آئی اے نجکاری کا عمل کمیشن دوبارہ کرنے جا رہا ہے، پی آئی اے فلائٹ آپریشن پر پابندی بھی ختم ہو گئی ہے،
جسٹس امین الدین نے کہا کہ دوبارہ نجکاری کے عمل میں اب شاید ریٹ زیادہ ملے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پی آئی اے نجکاری کر کے حکومت کہیں سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہی؟ عدالت نے حکم دیا تھا نجکاری عدالت کو اعتماد میں لے کر کی جائے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ نجکاری پر اعتماد میں لینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی تھی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے، پی آئی اے نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔ بعد ازاں آئینی بینچ نے کیس نمٹا دیا۔