اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ختم کر دیا ہے، جس کا اعلان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نادر شفیع ڈار نے کیا۔ انہوں نے اس کامیابی پر وزیراعظم، وزیر ہوا بازی، اور سیکریٹری ہوا بازی کا شکریہ ادا کیا، جن کی مسلسل حمایت سے یہ سنگ میل عبور کیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، ایئر بلیو کو بھی تھرڈ کنٹری آپریٹر کی اجازت مل گئی ہے، جس سے پاکستانی ایئرلائنز کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پابندی کے خاتمے کا فیصلہ پاکستان کی ہوابازی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ پی آئی اے کی انتظامیہ نے اس کامیابی کا کریڈٹ ای ایس اے کے سخت معیار پر عمل پیرا ہونے کو دیا اور اعلان کیا کہ وہ ای ایس اے کے قوانین پر مکمل طور پر عمل کریں گے۔
مزید پڑھیں: نجکاری کے نام پر پی آئی اے کی بندر بانٹ نہیں ہونے دینگے، چوہدری منظور احمد
سابق ڈائریکٹر پشاور ایئرپورٹ عبید عباسی نے اس کامیابی کے حوالے سے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نادر شفیع ڈار نے اس معاملے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی ٹیم کی محنت کے نتیجے میں یہ بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کو مزید ترقی دینے کے لیے افسران اور عملے کی محنت کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔
عبید عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانیوں کو اپنی قومی ایئرلائن پی آئی اے پر سفر کو ترجیح دینی چاہیے اور ادارے کی بہتری کے لیے چوری اور بدعنوانی کی روک تھام ضروری ہے۔
پی آئی اے کے یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی کا خاتمہ نہ صرف پی آئی اے بلکہ پورے پاکستانی ہوابازی کے شعبے کے لیے ایک نیا باب کھول رہا ہے۔











