جمعرات,  14 نومبر 2024ء
ترقی یافتہ ممالک 100ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کاوعدہ پورا کریں، اسحاق ڈار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز):نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک 100 ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کا وعدہ پورا کریں۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے باکو میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ اور ہم آبادیوں کے تحفظ کی کوشش میں متحد ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے۔ اور سیلاب سے پاکستان کا 30 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان ہوا۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب نے 3 کروڑ سے زائد لوگوں کو متاثر کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سیلاب سے مکانات، بنیادی ڈھانچہ اور لوگوں کے روزگار متاثر ہوئے۔ تاہم ہمارے پاس پیشگی اطلاع کا مؤثر نظام ہوتا تو سیلابی تباہی سے بچا جاسکتا تھا۔ آج بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور بارشوں کے نظام میں بگاڑ بھی عالمی چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب کے لیے پیشگی اطلاع کے نظام کے پروگرام کے اجرا کے اقدام کو سراہتے ہیں۔ اور پروگرام کے تحت 2027 تک کرہ ارض کے ہر فرد کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ پاکستان محدود وسائل کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ گرین پاکستان پروجیکٹ میں تمام ماحول دوست اقدامات شامل ہیں۔ اور کاربن اخراج کو نصف شرح تک لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے کلائمیٹ فنانسنگ کی ضرورت ہے۔ جبکہ ترقی یافتہ ممالک 100 ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کا وعدہ پورا کریں۔

مزید پڑھیں:ہمیں دہرے نظام تعلیم کو ختم کرنا ہو گا، اسحاق ڈار

مزید خبریں