لاہور (روشن پاکستان نیوز) حکومتِ پنجاب نے ’اپنی گاڑی اپنی پہچان، اپنی نمبر پلیٹ‘ کے عنوان سے نئی سکیم کا اجراء کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نئی سکیم کے تحت اب پنجاب کے شہری اپنی مرضی کے ہندسوں، اپنے کسی پیارے کے نام یا اپنی کمپنی کے نام پر مشتمل خصوی نمبر پلیٹ بنواسکیں گے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے پہلی بار گاڑی کی نمبر پلیٹس کے اجراء کا انقلابی قدم اٹھایا ہے، پنجاب گورنمنٹ سے منظور شدہ اور پرونشل موٹروہیکل آرڈیننس 1965ء کے تحت باقاعدہ لائسنس کے ساتھ آپ اپنی نمبر پلیٹ میں کوئی پیغام دیں، کسی شخصیت یا مقصد سے منسلک کریں یا کوئی اور جدید انداز اپنائیں اور اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ کو اپنی پہچان بنائیں۔
بتایا گیا ہے کہ ’اپنی گاڑی اپنی پہچان، اپنی نمبر پلیٹ‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی سکیم 3 طرح کی کیٹیگریز درج کی گئی ہیں، پہلی کٹیگری کو پلاٹینم کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر زیادہ سے زیادہ 8 الفاظ درج کروا سکتے ہیں اس کے لیے آپ اپنی مرضی سے اپنا نام، اپنے بیٹے یا بیٹی یا کسی بھی پیارے کا نام لکھوا سکتے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ دوسری کٹیگری کو کارپوریٹ کا نام دیا گیا ہے جس میں آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر اپنی کمپنی کا نام درج کروا سکتے ہیں، اس میں الفاظ کی تعداد کی کوئی قید نہیں رکھی گئی جب کہ تیسری گولڈ کیٹیگری میں آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر اپنے یا اپنے کسی پیارے کے نام کے ساتھ ہند سے بھی لکھوا سکیں گے۔
اس کے لیے شرط یہ ہے کہ آپ کی گاڑی کے پسندیدہ نمبر میں 3 ایلفابیٹ اور 3 ہی ہند سے ہونے چاہیں، اس سلسلے میں مزید معلومات کے لیے شہری صوبہ پنجاب کے محکمہ ایکسائز سے رابطہ کرسکتے ہیں۔