اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)محکمۂ موسمیات کے میٹرولوجسٹ انجم نذیر کا کہنا ہے کہ کل (25اگست) سے طاقت ور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی حصے میں داخل ہوں گی جو کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29 اگست تک بارش کا سبب بنیں گی۔
’انہوں نے بتایا کہ سندھ پر اثر انداز ہونے والا یہ اب تک کا سب سے طاقت ور سسٹم ہے، جو شدت اختیار کر کے ڈیپریشن بن سکتاہے، سسٹم کےاثرات سمندر میں طغیانی کی صورت میں رہیں گی۔
میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے بتایا ہے کہ سسٹم کے تحت سندھ اور مشرقی بلوچستان کے سمندر میں طغیانی رہے گی، سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر 27 سے 30 اگست تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ سسٹم جنوبی اور مغربی سندھ کو زیادہ متاثر کرے گا، آندھی، ہواؤں کے جھکڑ کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے، کراچی میں سسٹم کے اثرات 26 اگست سے بوندا باندی کی صورت میں نظر آئیں گے۔
میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے بتایا ہے کہ کراچی میں 27 سے 29 اگست کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، تیز بارش کے اسپیلز کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ پورے اسپیل میں کراچی میں کچھ مقامات پر زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے، یہ سسٹم بحیرۂ عرب میں کراچی کے جنوب تک آئے گا۔