اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے 26 اگست بروز پیر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سی بی اے یونین کے جنرل سیکرٹری راجہ مسکین نمائندہ اگیگا کی جانب سے ڈی چوک اسلام اباد میں احتجاجی مظاہرے کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
سربراہ فیڈرل سیکریٹیریٹ ایمپلائز کور کمیٹی/چیف کوارڈینیٹر اگیگا پاکستان رحمان علی باجوا نے وفاقی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کردی۔
رحمان علی باجوا نے وفاقی حکومت کے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلہ کو ملازمین کا معاشی قتل کرار دیا ھے۔ انھوں نے کہا کہ اس عمل سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ھوگا۔
یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کو 2 ہفتے کا وقت دیا ہے جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء پر سبسڈی پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔
اسٹورز بند ہونے کی خبر کے بعد 11 ہزار سے زائد ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے، 6 ہزار مستقل جب کہ دیگر ملازمین کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ھیں۔
رحمان علی باجوا نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کو یقین دلایا ھے کہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس ھر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گی اور انہوں نے حکومت سے پر زور الفاظ میں مطالبہ کیا ھے کہ اس عمل کو روکا جائے ورنہ اس کا سخت ردعمل آئے گا۔
آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس فیڈرل کی تنظیموں میں لیبر یونیٹی آف آئیسکو ، پاک پی ڈبلیو ڈی، پاکستان ریلویز یونینز ، واپڈا پیغام یونین، سی ڈی اے۔پاکستان پوسٹ آفس یونینز، نیشنل سیونگز، فیڈرل کالجز ٹیچر ایسوسی ایشنز ، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ، اسٹیٹ آفس ، پاکستان سپورٹس بورڈ ، ریڈیو پاکستان، اور الائنس میں شامل تمام تنظیموں اور ایسوسی ایشنز بشمول سیکریٹیریٹ کے ملازمین نے مشترکہ طور پر اس فیصلے کی مذمت کی ھے اور فیصلہ پر عملدرآمد کو روکنے کی حکومت سےاستدعا کی ھے۔