اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)الیکشن 2024 میں کئی اہم حلقوں میں بڑے اپ سیٹس دیکھنے میں آئے ہیں، غیر متوقع شکست کا سامنا کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ، اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان بھی شامل ہیں۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مانسہرہ این اے 15 میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ خان سے ہار گئے۔ شہزادہ گستاسپ خان کو ایک لاکھ 10 ہزار ووٹ ملے جبکہ نواز شریف 80 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 44 پر جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان کو آزاد امیدوار علی امین گنڈا پور نے شکست دے دی۔ علی امین گنڈا پور نے 92 ہزار 612 ووٹ اور مولانا فضل الرحمان نے 59 ہزار 364 ووٹ لیے۔
این اے 115 شیخوپورہ سے اہم لیگی رہنما جاوید لطیف آزاد امیدوار خرم شہزاد سے ہار گئے۔ جاوید لطیف نے 88 ہزار 125 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں خرم شہزاد کو ایک لاکھ 26 ہزار 349 ووٹ ملے۔
این اے 121 لاہور سے ن لیگ کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر بھی شکست سے دوچار ہوئے۔ انہیں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر نے ہرایا۔ روحیل اصغر نے 70 ہزار 597 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں وسیم قادر نے 78 ہزار 703 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 2 سوات پر مسلم لیگ ن کے امیر مقام شکست کھا گئے جنہیں آزاد امیدوار ڈاکٹر امجد خان نے ہرایا۔ امیرمقام نے 29 ہزار 240 اور ڈاکٹر امجد نے 43 ہزار 140 ووٹ حاصل کیے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 149 ملتان پر استحکام پاکستان پارٹی کے قائد جہانگیر خان ترین کو بھی آزاد امیدوار عامر ڈوگر سے شکست ہوئی۔ جہانگیر ترین کو صرف 50 ہزار 166 ووٹ ملے،ان کے مقابلے میں عامر ڈوگر ایک لاکھ 63 ہزار 613 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
این اے چھ لوئر دیر پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق آزاد امیدوار محمد بشیر خان سے شکست کھا گئے۔ محمد بشیر خان نے 81 ہزار 60ووٹ لیے جبکہ سراج الحق 56 ہزار 538 ووٹ لے سکے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں انتخابات کے نتائج پر قیا س آرائیوں سے گریز کیاجائے،امریکہ
این اے 122 پر بھی بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جہاں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو شکست دے دی۔ سردار لطیف کھوسہ ایک لاکھ 17 ہزار 109 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ سعد رفیق کو 77 ہزار 907 ووٹ ملے۔
عام انتخابات کا ایک اور بڑا اپ سیٹ سیالکوٹ کے حلقہ این اے 71 سے سامنے آیا ہے جہاں غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز ڈار سینیئر لیگی رہنما خواجہ آصف کو پیچھے چھوڑ گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ ریحانہ امتیاز ڈار نے ایک لاکھ 31 ہزار 615 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ن لیگ کے خواجہ آصف 82 ہزار 615 ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
سیالکوٹ سے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ ریحانہ ڈار کو پہلے سبقت حاصل تھی تاہم اب مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف کامیاب قرار پائے۔