بدھ,  18  ستمبر 2024ء
میئر سکھر کا ریکارڈ بارشوں کا دعویٰ، محکمہ موسمیات کی تردید

سکھر(روشن پاکستان نیوز)سکھر میں ریکارڈ بارش ہونے سے متعلق معاملہ پیچیدہ ہوگیا جہاں ایک جانب میئر سکھر ارسلان شیخ نے شہر میں 300 ملی میٹر بارش کا دعویٰ کردیا جبکہ محکمہ موسمیات نے ان کے دعوے کی تردید کردی ہے۔

سکھر میں گزشتہ 2 روز سے جاری بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ریلوے اسٹیشن اور اطراف کے علاقے تاحال پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے میئر سکھر ارسلان شیخ نے دعویٰ کیا کہ شہر میں 77 سال کی تیز ترین اور 292 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ارسلان شیخ نے شہر کے 90 فیصد علاقوں سے پانی کی نکاسی کا دعویٰ بھی کردیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے میئر کے سکھر میں 300 ملی میٹر بارش کے دعوے کی تردید کردی۔

چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز نے واضح کردیا کہ 48 گھنٹے کے دوران سکھر میں 116 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، 2 روز کے دوران 300 ملی میٹر بارش کی بات میں صداقت نہیں ہے۔

بعد ازاں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے میئر سکھر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کے پاس بارش کی پیمائش کے ٹاور ہرجگہ موجود ہی نہیں جبکہ صوبائی حکومت ہرتعلقے کی سطح پر ڈیٹا مرتب کرتی ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News