اتوار,  10 نومبر 2024ء
غزہ میں ہونے والے مظالم کی وجہ سے ہماری جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی کی آمد آمد ہے لیکن بدقسمتی سے غزہ میں مسلمانوں پر جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں، اس کی وجہ سے ہماری جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی آمد آمد ہے، آج ہم اقلیتوں کا دن منارہے ہیں، بدقسمتی سے غزہ میں جو مظالم ہورہے ہیں، اس کی وجہ سے ہماری خوشیاں ماند پڑگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن قائداعظم نے تاریخی خطاب کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ یہاں سب کو مساوی آئینی حقوق ملیں گے، اقلیتیں ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، آج کی تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حکومت اور وزیراعظم نیتن یاہو اپنی فوج کے ساتھ ملکر فلسطینیوں پر ظلم کررہے ہیں، کل فجر کے وقت نہتے مسلمانوں پر بمباری کی گئی، وہاں بچوں سمیت مسلمان شہید ہوئے، اور ان پر دن رات یہ آگ برس رہی ہے لیکن پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو عالمی ادارے امن کے قیام کے لیے معرض وجود میں آئے تھے، وہ قرارداد پاس کرتے ہیں لیکن اس کی ردی برابر بھی وقعت نہیں، اسرائیلی جارحیت پر صرف لفاظی سے کام لیا جاتا ہے لیکن اس سے آگے کچھ نہیں کیا جاتا، دنیا کی تاریخ میں اس سے بدترین ظلم وزیادتی کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

مزید پڑھیں: کسی کو برا لگے یا اچھا عمران خان سیاسی حقیقت ہے: شاہ محمود قریشی

ان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری، ہندو برادری، سکھ برادری، پارسی سمیت تمام اقلیتوں نے پرامن شہری بن کر پاکستان شہری بننے کا خلوص کے ساتھ ثبوت دیا، مسیحی برادری کے مشنری اسکول 77 سالوں میں لاکھوں بچوں اور بچیوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے، یہ امن کے وقت میں ان کی بہترین خدمات ہیں۔

مزید خبریں