جمعه,  20  ستمبر 2024ء
اقلیتوں کے حقوق اور ترقی پر کبھی سمجھوتا نہیں کرینگے: بلاول بھٹو

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق، ترقی اور بااختیار بنانے کے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور بااختیار بنانے کیلئے پُرعزم ہیں، پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کیلئے طویل جدوجہد کی ہے، 1973ء کا متفقہ آئین قائد عوام شہید بھٹو کی سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1973ء کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادیوں اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کیلئے خواب دیکھتی تھیں، میری والدہ کا خواب تھا کہ تمام مذاہب کے لوگ باہمی ہم آہنگی اور عزت و وقار کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کا دن قومی سطح پر منانے کی ابتدا صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں کی، اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد قومی زندگی میں اقلیتوں کے اہم کردار کو تسلیم کرنا تھا، اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد معاشرے میں رواداری و ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی تھا۔

مزید پڑھیں:ایک ادارہ بار بار پارلیمان میں مداخلت کر رہا ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے ملک کی تنوع ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری کو مساوی حقوق اور مواقع ملیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی آج اقلیتوں کے قومی دن پر امتیاز اور عدم برداشت کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں: آئیے! ہم انصاف، مساوات اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کی تعمیر کیلئے تجدید کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر ایک ایسا ملک بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد، مذہب یا نسل سے قطع نظر، ترقی کرے اور ہر فرد قوم کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News