بدھ,  18  ستمبر 2024ء
ن لیگ کا سارا بوجھ تو فوج نے اٹھایا ہوا ہے ،فوادچوہدری

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا اسٹیبلشمنٹ کو ٹکے کا فائدہ نہیں ہو رہا ہےبلکہ ن لیگ کا سارا بوجھ تو فوج نے اٹھایا ہوا ہے ۔

نجی ٹی وی سے بات چیت میں فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کو گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیر اطلاعات تھا تو پیش گوئی کی تھی 5 سال میں سوشل میڈیا روایتی میڈیا کی جگہ لے لے گا۔ میری پیش گوئی سے 6 ماہ پہلے ہی ایسا ہو گیا۔

فائر وال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کو اس فائر وال کی آڑ میں اربوں روپے کا چونا لگایا جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب سیٹلائیٹ کے ذریعے لوگوں کو انٹرنیٹ مہیا ہوگا، پاکستان میں یوٹیوب پر پابندی لگائیں گے تو لوگ دبئی میں اپنے اکاؤنٹ بنا لیں گے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ریاست کو سوچنا پڑے گا، ایسی سنسر شپ سے پاکستان میں پیسہ نہیں آئے گا، سال 2050 تک پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے، ملک میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ منفرد نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے لڑائی جاری تھی اب عدلیہ سے بھی لڑائی ہو رہی ہے۔ بہتر ہے عدلیہ اور پی ٹی آئی سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ نو مئی کا سب سے زیادہ فائدہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کو ہوا۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بات طے ہوگئی ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی نہیں ہونی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی، تیل اور تنخواہ دار طبقوں پرٹیکس لگا کرپیسا کمارہی ہے، یہ بات طے ہوگئی ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی نہیں ہونی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی نا اہلی یہ ہےکہ 7 ماہ بعدبھی علیحدہ علیحدہ احتجاج کررہے ہیں، جب تک اپوزیشن جماعتیں اکھٹی نہیں ہوتیں حکومت کوکوئی فرق نہیں پڑےگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 25 لوگ لاپتا ہیں مگر کسی کو پرواہ نہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News