بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
رائل گارڈن سوسائٹی کنال روڈ لاہورمسائل کی آماجگاہ بن گئی،شہری اذیت میں مبتلا

لاہور (فاطرملک سے )رائل گارڈن سوسائٹی مسائل کی آماجگاہ بن گیا،رہائشی بجلی کے مسائل،ناقص صفائی ، پودوں کی تراش خراش میں بے قاعدگی ،پارکس کی دیکھ بھال نہ ہونے،سیوریج کے ناقص نظام پر پھٹ پڑے جبکہ سہولیات کے فقدان نے انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ رائل گارڈن سوسائٹی کنال روڈ نے رہائشی سوسائٹی تو بنادی لیکن انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث رہائشی سکیم سے واپڈا کی تاریں چوری ہوچکی ہیں ،ٹرانسفارمر آئے روز خراب ہوا ہوتاہے۔

 

 

انتظامیہ کی غفلت تو یہ ہے کہ وہاں لگے ٹرانسفارمروں سے قیمتی پرزے نکال لئے اور ٹرانسفارمرز کے خالی خول وہاں پڑے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے ، سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔

انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے سوسائٹی لاوارث بن چکی ہے، ہر جگہ ڈرینج سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے نالیوں اور گٹروں کا گندا پانی روڈوں پرکھڑا ہو جا تا ہے، شکایات پر بھی کوئی پرسان حال نہیں۔

 

رہائشی کالونی کیلئے بنائے پارک بھی گندگی سے بھر چکے ہیں جس کے باعث رہائشی کالونی میں بدبو اور مچھروں کی بہتات ہے ۔

انتظامیہ کی غفلت کے باعث پلاٹ کے مالکان تعمیراتی کام نہیں کروارہے ۔

 

 

سوسائٹی کے رہائشی افراد نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر نوٹس لے کر تمام بنیادی سہولیات فراہم کرے ۔

مزید خبریں