بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
مون سون بارشوں کے دھواں دار سپیل نے میٹروسٹی گوجر خان کی قلعی کھول دی

گوجر خان(روشن پاکستان نیوز)مون سون کے دھوان دار سپیل نے نیومیٹرو سٹی گوجر خان ہائوسنگ سکیم کی قلعی کھول دی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اس وقت مون سون کی طوفانی بارشیٰں جاری ہیں،ایسے میں جب گزشتہ روز گوجرخان شہر میں بارش ہوئی تو ایک معروف ہائوسنگ سکیم نیومیٹروسٹی میں دیکھتے ہی دیکھتے پانی بھر گیا۔

پانی کی نکاسی نہ ہونے اورتسلی بخش کام نہ ہونے کے باعث سب کچھ پانی میں تیررہاتھا۔

رہائشیوں نے ویڈیوبنا کر سوشل میڈیا پر جاری کردی جو کافی وائرل ہورہی ہے ۔

ویڈیو کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں جب کہ 67ہزار سے زائد لائیکس بھی ملے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے انتظامیہ پر شدید تنقید کی تو کچھ نے طنزومزاح سے اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔

ایک شہری نے لکھا کہ دیکھیں پاکستان کی پہلی میٹروسٹی سوئمنگ ہائوسنگ سوسائٹی ۔

یادرہے کہ ملک بھر سمیت  اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی طاقتور مون سون سپیل کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ دونوں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

اٹک اور گرد و نواح میں تیسرے روز بھی موسلا دھار بارش کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جبکہ پشاور شہر اور ملحقہ علاقوں میں رات سے بارش ہو رہی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

خانپورہزارہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے دریائے ہرو اور ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی ہے جبکہ پنجاب خیبرپختونخوا کو ملانے والا ترناوہ پل تالاب میں تبدیل ہو گیا۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی ابر رحمت کا سلسلہ جاری ہے، شہر قائد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو رہی ہے جبکہ جیکب آباد، کوہلو، بولان، سبی، زیارت اور مچھ میں بھی خوب بادل برسے ہیں۔

 

مزید خبریں