اتوار,  22 دسمبر 2024ء
عراق و ایران کے لیے جانے والے زائرین کرام کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد ( نیوزڈیسک) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں حکومت پاکستان سے اربعین امام حسین عراق و ایران کے لیے جانے والے زائرین کرام کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہر سال دنیا بھر کی طرح پاکستان سے بھی ہزاروں محبان محمد و آل محمد ع ایران و عراق کے مقامات مقدسہ، مشہد مقدس حضرت امام رضا، نجف اشرف و کربلا معلیٰ زیارات کے لئے جاتے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حکومت پاکستان، حکومت ایران و عراق سے اپنے سفارتی تعلقات کی بنیاد پر زائرین کے لئے بہتر سے بہتر سہولیات اور انتظامات کرے، متعدد بار ارباب اقتدار کی توجہ اس حساس اور اہم ترین ایشو کی طرف مبذول کروا چکے ہیں۔

بارڈرز پر زائرین کرام کی سیکورٹی اور وقتی سکونت کے وسیع اور خاطر خواہ انتظامات اشد ضروری ہیں، جہاں طبی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، یہ سب انتظامات حج بیت اللہ کے موقع پر بھی کیئے جاتے ہیں اسی طرح زائرین کے مسائل کو بھی ترجیح بنیادوں پر حل کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس بالخصوص ہزاروں زائرین اور قافلہ سالاروں کی تشویش کو ارباب اقدار حکومت پاکستان تک ایک مرتبہ پھر پہنچا رہے ہیں۔

حکومت پاکستان وزارت خارجہ و داخلہ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کے مسائل و مشکلات پر توجہ دیتے ہوئے ان کا فوری تدارک کریں، تاکہ تمام زائرین اطمینان سے اور بروقت مذہبی و عقیدتی رسومات ادا کر سکیں، ایسا نہ کرنے سے عوام میں عدم اعتماد، بےدلی، مایوسی، بے چینی اور تشویش پیدا ہو رہی ہے جو کسی صورت بھی مناسب و مثبت نہیں ہے۔

ہم ایک بار پھر اتنے اہم اور حساس مسئلہ پر ارباب اقتدار کی خاموشی اور لاپرواہی پر حیرانگی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری مناسب و مثبت اقدامات کر کے مبہم و مخدوش صورتحال کے تدارک کا مطالبہ کرتے ہیں۔

مزید خبریں