جمعه,  27 دسمبر 2024ء
پاکستان کی جرمنی میں قونصل خانے پر حملہ کی شدید مذمت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے بعد پاکستان نے جرمن حکومت کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتہا پسند گروہ کی جانب سے فرینکفرٹ میں اپنے قونصل خانے پر حملے اور جرمن حکام کی طرف سے قونصل مشن کے احاطے کی تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کل کے واقعے سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا اور فرینکفرٹ میں پاکستان کے قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا، جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں۔

اپنے بیان میں جرمن حکومت پر زور دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جرمنی ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم جرمنی کے حکام پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ کل کے واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں اور ان کے خلاف کارروائی کریں سکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ویانا کنونشن برائے قونصلر تعلقات، 1963 کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر احاطے کی تقدس کی حفاظت کرے، اسی قانون کے تحت سفارتکاروں کی سلامتی کو یقینی بنانا بھی میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں