پشاور(روشن پاکستان نیوز) نواحی علاقے ارمڑ میں چوکی ارنڈو پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے اسنائپر گن سے فائر کیے جبکہ جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فرار ہوگئے، واقعہ رات گئے پیش آیا۔
شہید کانسٹیبل سعید اللہ کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔
نماز جنازہ میں سی سی پی او قاسم علی، ایس ایس پیز سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دہشتگردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ گورنر نے شہید پولیس اہلکار کے درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ملک و قوم کا فخر ہیں۔