اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس(آر آئی یو جے ) کے سالانہ انتخابات سے 2024-25 کے نتائج کا اعلان ، طارق علی ورک صدر اور آصف بشیر چودھری جنرل سیکریٹری منتخب جبکہ ندیم چودھری فنانس سیکرٹری منتخب ہو گئے۔
نتائج کا اعلان چیئرمین الیکشن کمیٹی اقبال جعفری نے کیا، تفصیلی نتائج کے مطابق بشیر عثمانی اور عمار برلاس نائب صدور منتخب ہوئے جبکہ جوائنٹ سیکرٹریز کے لیے گلزار خان اور مجاہد حسین نقوی منتخب قرار پائے،ایگزیکٹو باڈی میں افشاں قریشی، ثوبیہ مشرف، رانا فرحان اسلم، کامران چودھری، علی اختر، توصیف عباسی، ناصر سلیم، نوابزادہ شاہ علی، غفران احمد اور سید رضوان حیدر منتخب ہوئے، اس کے علاوہ 73 صحافیوں کو پی ایف یو جے کے ڈیلیگیٹ بھی منتخب ہو گئے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر بدترین وقت ہے آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے والی طاقتوں میں سب سے مضبوط طبقہ سیٹھ ہیں، آج بھی یہ کام غیر قانونی طور پر جاری ہے کیونکہ پی ایف یو جے اور آر ی یو جے نے ہر کالے قانون کی مخالفت کی ہے،آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کی جو شمع منہاج برنا اور نثار عثمانی نے روشن کی تھی وہ ناصر زیدی، اقبال جعفری اور انکے ساتھیوں کے ہاتھوں سے ہوتی ہوئی آر آئی یو جے کی نئی قیادت کو تھما رہے ہیں امید ہے وہ ورکرز کے اعتماد کو پورا کرے گی،آر آئی یو جے کے نومنتخب صدر طارق علی ورک نے کہا کہ ملک میں آزادی صحافت کو درپیش چیلنجز کا اندازہ ہے صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے، طارق علی ورک نے کہا کہ پہلے بھی میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل جیسے کالے قانون کو مسترد کیا آئندہ بھی ایسے قوانین کا راستہ روکیں گے۔
پیمرا ترمیمی بل میں پی ایف یو جے کی قیادت میں آر آئی یو جے کا کردار اہم رہا ہے، آر آئی یو جے کے نومنتخب جنرل سیکریٹری آصف بشیر چودھری نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں سوشل میڈیا پر رائے دینے پر مقدمہ درج کر کے ایف آئی اے گرفتار کرنے پہنچ جاتا ہے، نیشنل میڈیا سرنڈر کر چکا ہے اور سوشل میڈیا کی آواز دبانے کے نئے ہتھکنڈے سامنے لائے جا رہے ہیں،آجر اور اجیر کے درمیان ورکرز کی حقوق کی جنگ کا راستہ بند کر دیا گیا ہے، آصف بشیر چودھری نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود سینیئر قیادت کی رہنمائی اور دوستوں کی رفاقت کے سبب تمام ورکرز کی توقعات پر پورا اتریں گے اور برادری کا مان اور اعتماد قائم رکھیں گے۔
نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا نے کہا کہ آزادی صحافت کی جنگ میں آر آئی یو جے کی ہر کال پر لبیک کہیں گے، نیشنل پریس کلب آزادی اظہار رائے کا آخری مورچہ ہے اور حق پرست اس کا ہر حال میں دفاع کریں گے، نیشنل پریس کلب کے سیکریٹری خلیل راجا نے کہا کہ آر آئی یو جے کی نومنتخب قیادت بہترین گلدستہ ہے اور آزادی اظہار رائے کی جنگ لڑنے کے لیے پوری صلاحیت کی حامل ہے،نیشنل پریس کلب کی سیکریٹری فنانس نئیر علی نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کے لیے آر آئی یو جے کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
تقریب سے سابق صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، آر آئی یو جے کے سابق صدور مبارک زیب خان، شہریار خان، عابد عباسی اور عامر سجاد سید نے بھی خطاب کیا، سینئر صحافیوں نعیم محبوب، کاشان اکمل اور آر آئی یو جے نومنتخب عہدیداران فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری ،نائب صدور عمار برلاس ،بشیر عثمانی جوائنٹ سیکرٹریز گلزار خان ،مجاد حسین نقوی نے بھی خطاب کیا،تقریب میں بڑی تعداد میں سینئر صحافیوں نے شرکت کی اور نومنتخب باڈی کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے ان پر گل پاشی کی اور مٹھائی بھی کھلائی گئی۔