لاہور(روشن پاکستان نیوز) سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے 10 ارب روپے ہتک عزت کے دعویٰ کی متفرق درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔
سیشن عدالت لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد فرحان نبی نے وزیراعظم شہباز شریف کی متفرق درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ان کے وکیل سعد صبغت اللہ سلطان عدالت پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نئے وکیل میاں محمد حسین چوٹیہ نے وکالت نامہ پیش کیا۔
تحریری حکم میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی کے وکیل نے بتایا مجھے اس کیس میں اب وکیل مقرر کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے متفرق درخواستوں پر دلائل کیلئے وقت کی استدعا کی۔
بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے دس ارب روپے کے ہتک عزت کے دعویٰ کی متفرق درخواست پر دلائل کیلئے وکلا کو 13 اگست کو طلب کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف دس ارب روپے کا ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔