اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پرپاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ردعمل آگیا ، بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ان کی جماعت پر پابندی سپریم کورٹ سمیت کوئی عدالت تسلیم نہیں کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ سیاسی انتقامی کارروائیوں کا فوری نوٹس لے ، مجھے لگتا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کو نشستیں واپس ملیں گی مگر پی ٹی آئی کو نشستیں واپس دے کر سپریم کورٹ نے سرپرائز دیا ۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں شامل ہونے والوں کی سیاست ختم ہو جائے گی عمران خان نے مولانا فضل الرحمان سمیت کسی بھی پارٹی سے مل کر حکومت بنانے سے انکار کر دیا ، عمران خان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ دوبارہ الیکشن کروائیں یا مکمل مینڈیٹ واپس کریں۔
ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی اب چند دنوں کی بات ہے ، نظر ثانی درخواست دائر کرنا حکومت کا حق ہے لیکن فیصلہ پر عمل ہر صورت ہوگا ، پی ٹی آئی چھوڑ کر جانیوالوں کی سیاست ختم ہو جائیگی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس پابندی لگانے کی کوئی آپشن نہیں ہے، پابندی لگانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہوگی اور دہشتگرد پارٹی پر بھی پابندی کیلئے سپریم کورٹ جانا پڑتا ہے، یہ کس آئین اور کس قانون کے تحت آرٹیکل 6 لگا رہے ہیں ؟ میرے پاس افسوس کے علاوہ کوئی الفاط نہیں ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تمام ممبران نے نظریہ کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو جوائن کیا ہے، جب تک سپریم کورٹ نہیں مانے گی تب تک پابندی نہیں لگ سکتی ، الیکشن کمیشن کو ہر صورت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے مطالبے کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ازخود مستعفی ہوں، اگر چیف الیکشن کمشنر اور ممبران مستعفی نہ ہوئے تو سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ کا ردعمل
بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہم انہیں ہر سطح پر دیکھ لیں گے، عوامی سطح پر اور عدالتی سطح پر بھی دیکھ لیں گے، یہ جانتے ہیں ان کا فراڈ منظرعام پر آنے والا ہے، ہم فراڈ کے چھپانے پر ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بے وقوفانہ بات ہے یہ کہنا کہ پی ٹی آئی ملکی سالمیت کے خلاف چل رہی ہے ، ان کا ارادہ صرف عوام کی آواز اور جمہوریت کو ختم کرنا ہے، ہمارا خیال نہیں تھا کہ یہ اتنے بے وقوف ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم پارلیمان میں بیٹھے ہیں، کمیٹی میں ہیں، ہر سطح پر بات ہورہی ہے، بیک ڈور بات چیت کے حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا یہ تو فرنٹ ڈور سے ہمارے ساتھ یہ کر رہے ہیں۔
اسد قیصر کا ردعمل
تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہاکہ حکومت نے پی ٹی آئی کیخلاف ہرحربہ استعمال کرلیاہے، اب یہ حواس باختہ ہوچکے ہیں ، سپریم کورٹ کے فیصلے کےبعد ان کے پاؤں سے زمین نکل گئی ہے،ا ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حکومت کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کیلئے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔