لاہور(روشن پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نجی ٹی وی کی اینکر عائشہ جہانزیب پر شوہر کے مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
مریم نواز نے عائشہ جہانزیب کو بہترین طبی سہولتیں دینے کی ہدایت کردی۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں، تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی کی اینکر عائشہ جہانزیب کو شوہر نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
خاتون اینکر کا کہنا تھا کہ اس کا اپنے شوہر حارث سے جھگڑا ہو گیا تھا جس پر اس نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
عائشہ نے طبی معائنے کے بعد شوہر حارث کے خلاف جان سے مار دینے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروایا۔
پولیس کے مطابق عائشہ جہانزیب کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایاکہ عائشہ جہانزیب کے شوہر حارث کو گرفتار کر لیا گیا اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔