اتوار,  22 دسمبر 2024ء
شوکت یوسفزئی نے بیرون ملک جانے سے روکنے کو عدالت میں چیلنج کر دیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے بیرون ملک جانے سے روکنے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزار اسلام آباد ایئر پورٹ سے برطانیہ جا رہے تھے، ان کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

درخواست گزار دو بار صوبائی وزیر رہ چکے ہیں، برطانیہ میں بیٹی سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے، ان کا نام ای سی ایل یا کسی اور لسٹ میں شامل نہیں، پھر بھی ان کو روکا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے خلاف جو سیاسی نوعیت کے مقدمات ہیں ان میں پہلے ہی ضمانت پر ہیں،  جنوری 2024ء میں عمرہ کے لیے جا رہے تھے تو اس وقت پشاور ایئر پورٹ پر جہاز سے آف لوڈ کیا گیا تھا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کو بغیر وجہ بیرون ملک جانے سے روکنا ایف آئی اے کا غیر قانونی عمل ہے، درخواست گزار کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

شوکت یوسفزئی نے درخواست میں وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کو فریق بنایا ہے۔

مزید خبریں