اتوار,  06 اکتوبر 2024ء
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

کراچی (روشن پاکستان نیوز)کراچی میں واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں آج صبح آگ لگ گئی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے کافی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی کی مصروف شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع اسٹاک ایکسچینج کی چوتھی منزل پر آگ لگی تھی۔

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا ہے کہ 5 فائر ٹینڈرز، واٹر باؤزر اور اسنارکل نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ایدھی اور دیگر رضا کار اداروں کی جانب سے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا گیا۔

آگ پر قابو پانے کے بعد اسٹاک ایکسچینج کو عوامی داخلے کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور اس سے ہوئے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتہ وار دو روزہ تعطیل کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا پہلا روز ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہوتا ہے۔

مزید خبریں