بدھ,  23 اکتوبر 2024ء
گندم سکینڈل پر وزیر اعظم کی انکوائری آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ،سحر کامران

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئررہنماورکن قومی اسمبلی سحرکامران نے کہا ہے کہ گندم سکینڈل پر وزیر اعظم کی طرف سے انکوائری کا حکم آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے کیونکہ نہ تو مجرموں سے کوئی ریکوری ہوئی ہے اور نہ ہی متاثرہ کسانوں کو کوئی معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بجٹ 2024-25میں فارما سیکٹر، تشخیصی کٹس اوردیگرطبی آلات پر سیلز ٹیکس بڑھا دیا گیا ہے۔ نتیجے کے طور پر علاج کی لاگت میں 25٪ سے 30٪ تک اضافہ ہوجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ’ ’صحت سہولت پروگرام‘ ‘کے لیے فنڈز مختص نہ ہونے سے وفاق کی اکائیوں کو صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ ہم زراعت پر مبنی معیشت ہیں، اور غذائی تحفظ قومی سلامتی کا معاملہ ہے تاہم یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ زراعت کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ گندم سکینڈل پر وزیر اعظم کی طرف سے انکوائری کا حکم آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے کیونکہ نہ تو مجرموں سے کوئی ریکوری ہوئی ہے اور نہ ہی متاثرہ کسانوں کو کوئی معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔

مزید خبریں