بدھ,  23 اکتوبر 2024ء
آبادی کنٹرول نہیں کریں گے تو مسائل میں اضافہ ہو گا: خورشید شاہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آبادی کنٹرول نہیں کریں گے تو مسائل میں اضافہ ہو گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن والے واک آؤٹ کر گئے، ہمیں اپنی روایات کو قائم رکھنا چاہیے، ان کی مرضی ہے پارلیمان کی روایت قائم رکھیں نہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کوئی جائے تو انہیں لے کر آئیں، گزارش ہے کہ انہیں بلایا جائے، وہ آئیں نہ آئیں ان کی مرضی، 1948ء میں پاکستان کی آبادی 3 کروڑ 30 لاکھ تھی آج 24 کروڑ ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آپ جتنے بھی بجٹ بنائیں آئی ایم ایف کے پاس جائیں نہ جائیں اصل مسئلہ آبادی ہے، 2011ء کے بعد مختصر عرصے میں یہ آبادی 24 کروڑ تک پہنچی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پارلیمان کی ذمے داری ہے کہ آبادی میں اضافے کے معاملے پر سوچے، آبادی میں اضافے کی شرح 2.6 فیصد ہے، اس شرح کو کم سے کم 1.5 فیصد تک لائیں گے تو بجٹ بن سکے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اندازہ کریں اگر آبادی 40 کروڑ ہو گئی تو کیا ہو گا؟ دو کروڑ بچے اس وقت اسکولوں سے باہر ہیں، آپ کس طرح سے پالیسی بنائیں گے؟کیسے فوڈ باسکٹ کو پورا کریں گے؟

مزید خبریں