جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
لبنان پر جنگ مسلط کرنا اسرائیلی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ،شبیرمسمی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کا جنوبی لبنان پر جنگ مسلط کرنا اسرائیلی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، اسرائیل کو امریکہ اور اس کے حواریوں کی طرف سے یہ اشارہ ملنا کہ وہ غزہ پر غارت گری کے بعد جنوبی لبنان پر چڑھ دوڑے مہنگا پڑے گا، جو اسرائیل امریکی سرپرستی کے باوجود آٹھ ماہ سے نہتے فلسطینیوں کو زیر نہیں کر سکا وہ لبنان کی شجاع اور بہادر قوم سے ٹکرانے کی تاب بھی نہیں لا سکے۔

جنوبی لبنان غزہ کی طرح چاروں طرف سے محاصرے میں نہیں ہے لہذا صہیونی ریاست کو ماضی کی 33 روزہ اسرائیل حزب اللہ جنگ کو یاد رکھنا چاہیے، آج جنوبی لبنان کے مجاہدین کئی گنا مضبوط اور طاقتور ہیں اور جدید ٹیکنالوجی اور جنگی ہتھیاروں سے لیس ہیں، مظلوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت نے اسے نڈھال کر دیا ہے۔

فلسطینی عوام کی استقامت و پائیداری نے تاریخ رقم کی ہے اور جنوبی لبنان کی پاکباز، اہل درد اور شہید پرور قوم نے غزہ کے معصوم عوام کی حمایت میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا، غزہ کے بعد جنوبی لبنان میں بھی اسرائیل کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان شاءاللہ

مزید خبریں