9 مئی کی پلاننگ شیخ رشید نے 6 مئی کو لال حویلی میں کی: وعدہ معاف گواہ

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) کے حلقے این اے 53 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار اجمل صابر شیخ رشید کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کے مقدمات پر سماعت ہوئی۔

اجمل صابر نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے 6 مئی کو لال حویلی میں اجلاس بلایا تھا جہاں 9 مئی کی پلاننگ کی گئی۔

بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کے مقدمات میں سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، سابق ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور عمر تنویر بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے۔

ذرائع کے مطابق صداقت عباسی، واثق قیوم اور عمر تنویر بٹ نے عدالت میں 154 کا بیان ریکارڈ کرا دیا۔

گواہوں کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ 9 مئی کی پلاننگ شیخ رشید، راجہ بشارت، راشد شفیق، اعجاز خان جازی، راشد حفیظ اور بانی پی ٹی آئی کی ایماء پر کی گئی۔

اے ٹی سی نے بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید اور راشد شفیق کو 6 فروری کو عدالت میں طلب کر لیا۔