راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس سے متنازع ٹوئٹ کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ٹیم سے ملنے سے انکار کردیا۔
نجی تی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات کے لیے ایف آئی اے ٹیم اڈیالہ جیل آئی، عمران خان نے تحریری جواب دیا کہ وکیل کے بغیر نہ بات کروں گا نہ شامل تفتیش ہوں گا۔
ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو متنازع ٹویٹ کا علم ہی نہیں، متنازع ٹویٹ کی پارٹی کے اندر تحقیقات ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ 30 مئی کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمٰن کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی تھی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمٰن کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھی جس کے لیے عمر ایوب، گوہر خان اور رؤف حسن سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اس امر کی تحقیق کرے گی کہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے ویڈیو کس نے، کیوں اور کیسے شیئر کی؟
ایف آئی اے، سابق وزیر اعظم کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے حوالے سے امور کا بھی جائزہ لے گی۔











