پشاور میں لوڈشیڈنگ کے ستائے مظاہرین کا سڑک کھولنے سے انکار

پشاور(روشن پاکستان نیوز)ملک میں گرمی کے ساتھ بجلی کی بندش بھی عروج پر پہنچ گئی۔

لوڈشیڈنگ کے خلاف پشاور میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے موٹر وے ایم ون بند کردی جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین نے مذاکرات کے لیے حکام کے آنے تک سڑک کھولنے سے انکار کردیا اور کہا کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ گیا ہے۔

علاوہ ازیں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی طویل بندش سے عوام پریشان ہیں۔

کراچی کے بعض علاقوں میں آدھی رات کے بعد بھی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ کیسکو نے کوئٹہ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ آٹھ سے دس گھنٹے کردیا ہے۔

تربت، سبی، نصیرآباد اور جعفرآباد سمیت ضلعی ہیڈکوارٹرز میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا حال برا کر رکھا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایات کا نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آج دوپہر 12 بجے اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں انہیں بجلی کی طلب و رسد اور لوڈشیڈنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا اور صوبوں میں بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل پر بھی بات چیت ہوگی۔

مزید خبریں