اتوار,  06 اکتوبر 2024ء
وزیرِ اعظم کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی، امارات کا 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کاوعدہ

ابوظہبی(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ابوظہبی میں ملاقات کی۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ملاقات میں شریک تھے ۔وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی.

وزیرِ اعظم نے پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی سروسز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔
اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین ابو ظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ڈائیریکٹر جنرل محمد سیف السُویدی نے ملاقات کی ۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کیلئے اصلاحاتی اقدامات پر روشی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت بالخصوص شیخ محمد بن زاید النہیان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کی۔

مزید پڑھیں: عدت کیس؛ عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ

وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت، پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرکے ملک میں نجی شعبے کی ترقی یقینی بنا رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ اماراتی کمپنیوں کے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔  ملاقات میں وزیرِ اعظم نے ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

مزید خبریں