خواتین کے تحفظ کیلئے ہم قدم ایپ قریہ،قریہ،گائوں گائوں پہنچائینگے،سحر کامران

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی سحرکامران نے خواتین پر تشدداورامتیازی سلوک کے خلاف ہر شہری سے آوازاٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے تحفظ کے لیے اوران کی آگاہی کے لیے جتنے بھی اقدامات ہیں، ہمیں انہیں سپورٹ کرنا چاہیے۔

خواتین کے تحفظ کیلئے متعارف کرائی گئی ہمقدم ایپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اس ایپ کومتعارف کرانابہت اچھی بات ہے، میں اس کو سراہتی ہوں، خواتین کے تحفظ کے لیے اوران کی آگاہی کے لیے جتنے بھی اقدامات ہیں، ہمیں انہیں سپورٹ کرنا چاہیے۔

سحر کامران نے کہاکہ ایپ لانچ کرنے والی انتظامیہ سے میں نے کہاکہ اس ایپ کو تمام یونیورسٹیز، کالجز، گائوں اوردیہات تک پہنچائیں تاکہ خواتین کے پاس ایک ہتھیار ہو اپنے بارے میں قوانین کو جاننے کے لیے اور اپنے خلاف زیادتی کاتاکہ کوئی بھی تشددکرے تو متاثرہ خاتون فوری اسے اس ایپ کے ذریعے متعلقہ اداروں تک پہنچائے اور مددطلب کرے۔

انہوں نے کہا کہ مرد 12 گھنٹے کام کرتا ہے جبکہ خواتین 24 گھنٹے کام کرتی ہیں ،خواتین پر تشدد اور ان کو مارنے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں خاتون یا لڑکیاں اپنے ہی کسی قریبی ساتھی یا رشتہ دار کے ہاتھوںتشددکاشکار یا قتل ہوجاتی ہیں،زن بیزار نفرت پر مبنی اظہار اور جنسی ہراسانی نے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف آن لائن استحصال کو بڑھا دیا ہے ان سب کا قلع قمع کرنے کے لئے ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری خواتین امتیازی سلوک، تشدد اور بدسلوکی کی بھاری قیمت چکارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تشدد خواتین اور لڑکیوں کی زندگی کے ہر شعبے میں شرکت کو محدود کر دیتا ہے، انہیں ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم رکھتا ہے ،ہمیں آواز بلند کرنا ہوگی تاکہ ان نفرتوں کا خاتمہ ممکن بنایاجاسکے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمارا عدالتی نظام بھی اس معاملے میں اہم کردار کا حامل ہے ،جس دن ہمارے فیصلے وقت پر ہونے لگ گئے اس دن ہمارا معاشرہ تبدیل ہو جائے گا۔

مزید خبریں