اسلام آباد (سدھیر احمد) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ایرانی صدر حجتہ الاسلام و المسلمین سید ابرہیم رئیسی،اُن کے چیف گارڈ، وزیر خارجہ، صوبے مشرقی آذربائیجان کے گورنر، آیت اللہ خامنہ ای کے نمانندہ خصوصی، اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئےمقام معظم رہبری سید علی خامنہ ائ، ملت ایران، عالمی اسلامی تحریکوں کے قائدین اور شہداء کے خانوادہ گرامی کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
اپنے ایک پیغام میں علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ ہم صدمے سے دوچار پوری ایرانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے پر رھبر معظم اور ملت ایران کے لیے دعا گو ہیں، غم کی اس گھڑی میں ہم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں، خدا وند متعال مستضعفین جہان بالخصوص فلسطینی مظلومین کے حامی وناصر کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ شہید سید ابرہیم رئیسی حرمت اسلام و قرآن کا دفاع کرنے والے عالم اسلام کے شجاع و بابصیرت فرزند تھے، سید محمد ابرہیم رئیسی عالم اسلام کے عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنے دور حکومت میں عالم اسلام کی وحدت اور مضبوطی کے لیے بھرپور کردار اور عملی اقدامات اٹھائے، آپ شہادت کے متمنی اور طلبگار تھے، یہ شہادت اسلام اور حمایت مظلومین کی تحریکوں کے لیے مضبوطی اور جلا کا باعث ہو گی، شہید ابرہیم رئیسی مظلومین جہان کی توانا آواز تھے جنکی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔











