جمعه,  26 جولائی 2024ء
مریم نواز کاچار سو ارب کاکسان پیکج نمائشی ہے،حافظ نعیم الرحمن

لاہور (روشن پاکستان نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دبئی لیکس نے پانامہ اور پنڈورا کے زخم بھی تازہ کردیے، کیسا نظام ہے قوم کا خون نچوڑ کر سرمایہ باہر بھیجو اور حکمرانی یہاں کرو۔ دبئی پراپرٹی لیکس میں سیاستدانوں، جرنیلوں، بیوروکریٹس، صنعتکاروں کے نام آئے ہیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی سے پورے کے پورے ٹبر شامل ہیں، ایک طرف کہا جاتا ہے پیسہ نہیں دوسری جانب قوم پر مسلط ظالم حکمران ٹولہ نے دوبرسوں میں ساڑھے تین ہزار ارب کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی۔

ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں، قوم سوال پوچھ رہی ہے۔ طاقت کے زور پر لوگوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ منی ٹریل پیش کی جائے۔ الیکشن کمشن گوشواروں میں جائیدادوں کا ذکر نہیں تو لیکس میں شامل پبلک آفس ہولڈرز نااہل ہوجائیں گے۔ مطالبہ کرتے ہیں چیف جسٹس کم ازکم فارم 47 اور دبئی لیکس پر ایکشن لیں۔ الیکشن کمیشن سے گوشوارے طلب کریں۔ پوچھا جائے دولت کیسے کمائی اور کیسے باہر بھیجی۔

الیکشن میں جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔ ملک کو درپیش امراض میں یہ سب سے بڑی ہے، چیف جسٹس کو ایکشن کے لیے خط لکھوں گا۔ پنجاب حکومت کا کسان پیکج کرپشن کا نیا دھندہ ہے، جماعت اسلامی کسانوں کو حق دلائے گی۔ کل 19مئی کو پشاور میں غزہ ملین مارچ ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، امیر العظیم اور قیصر شریف بھی  موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے اعلان کردہ چار سو ارب کا نام نہاد کسان پیکج نمائشی ہے، گندم خریدنے کے وقت کہا گیا کہ خزانے میں پیسے نہیں، اب کسانوں کو حق کی بجائے خیرات دی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی میڈیا کی آزادی کے لیے صحافیوں کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہے، آزادی اظہار رائے پر کنٹرول اور میڈیا کو دبانے کے لیے حکومت کی جانب سے تجاویز کردہ اتھارٹیز اور قوانین کو مسترد کرتے ہیں۔ صحافی متحد ہو کر جبر کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں لینڈ ریفارمز کے لیے جدوجہد کرے گی، تین کروڑ کسانوں کو متحد کریں گے۔

 

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News