اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز (آئی ایم ایف) مشن سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ سے آئی ایم ایف مشن کے وفد نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی، آئی ایم ایف مشن کی قیادت مشن چیف نارتھن پورٹر کر رہے تھے۔
ملاقات کا مقصد آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام پر بات چیت کا آغاز تھا، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے حکام بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی کامیاب تکمیل پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے مشن کو میکرواکنامک انڈیکیٹرز میں بہتری سے آگاہ کیا، وزیر خزانہ نے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔