اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)ترجمان الیکشن کمیشن نے جاری بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ نے دو بار نوٹس جاری ہو نےکے باوجود عدم حاضری کی بنا پر کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین تحصیل کونسل گمبٹ ساجد اقبال کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ کو سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ تحصیل چئیرمین ساجد اقبال این اے 35 کوہاٹ سے امیدوار شہریار خان آفریدی ، پی کے 90 اور پی کے 92 کے امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلا رہا ہے اور ورکرز کنونشن میں بھی شرکت کی جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس پر 17 اور 18 جنوری کو انہیں طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے لیکن اس کے با وجود وہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر چترال نے کار روائی کی۔ پی کے 2 لوئر چترال کے آزاد امیدوار فتح الملک علی ناصر کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔امیدوار نے جرمانہ سرکاری خزانہ میں جمع کرکے چالان پیش کردیا۔امیدوار ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر چترال کے دفتر میں پیش ہوکر وضاحت پیش کی جسے غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔اس کے علاوہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے ضابطہ اخلاق کی شق 26 کی خلاف ورزی پر امیدوار برائے پی پی 107 سلطان علی خان کو 5 ہزار روپے جرمانہ کیا۔چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ممنوعہ تشہیری ہورڈنگز اور مواد بھی ہٹایا جارہا ہے ۔چاروں صوبوں میں اب تک مختلف خلاف ورزیوں پر امیدواران ودیگر کو 64 نوٹس جاری کیئے گئے ہیں اور ان پر کاروائی جاری ہے۔اب تک مجموعی طور پر 18 امیدواران اور لوکل گورنمنٹ کے چیئرمین و ڈسٹرکٹ چیئرمین کو جرمانے ہو چکے ہیں ۔