پیر,  20 مئی 2024ء
عمران خان نے شیر افضل مروت سے ملاقات کیوں نہیں کی؟انتظارپنجوتھا نے بتادیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)بانی تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن انتظارپنجوتھا نے شیر افضل مروت کی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کی وجہ بتادی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی انتظار پنجو تھانے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر شیر افضل مروت نے میری ذات سے متعلق بہت کچھ بولا ہے، میرا نام بھی انہوں نے لیا ہے کہ شاید میں ان کی عمران خان سے ملاقات کی راہ میں روڑے اٹکا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ اگست 2023 گرفتار ہوئے ہیں اس کے بعد سے مجھے متعدد بار جیل میں ان سے ملاقات کے لئے جانے سے روکا گیا ہے، یہ چیزیں سب کو معلوم ہے، دنیا بھی جانتی ہے اور میڈیا پر بھی یہ خبریں چلتی رہی ہیں کہ کس طرح سے مجھے عمران خان کے ساتھ ملاقات سے روکا گیا، مجھے تین مہینے تک عمران خان سے ملاقات کے لیے بین کر دیا گیا، میں یہ تمام الزام یہ انتظامیہ پر لگا رہا ہوں ،میں اپنے کسی جماعت کے کارکن پر یہ الزام نہیں لگا رہا کہ مجھے ملاقات سے انہوں نے روکا ہے۔

انہوں نے شیر افضل مروت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شبلی فراز اور عمر ایوب کے خلاف جس طرح کی باتیں کی گئی ہیں یہ انتہائی افسوس ناک ہیں، ان دونوں شخصیات کا کا اس جماعت میں جو کردار ہے ،شاید سیاست کے اندر جو لوگ ہوتے ہیں ،وہ اپنے لیے ہمیشہ کریڈٹ چاہتے ہوتے ہیں لیکن یہ دو عظیم شخصیات ہیں ،انہوں نے اپنی ذات سے بالاتر ہو کر پارٹی کی خدمت کی ہے اور کر رہے ہیں ۔

انتظار پنجوتھا نے کہا کہ ان دونوں شخصیات کی محنت کا نتیجہ آٹھ فروری کو عام انتخابات میں بھی نظر آیا اور پی ٹی آئی نے ہر جگہ سے تقریبا کلین سویپ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کے شبلی فراز اور عمر ایوب پر الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے کپتان ہیں ،وہ جانتے ہیں کہ کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے، کس سے کب بائولنگ کروانی ہے کس سے کب بیٹنگ کروانی ہے، عمران خان نے اگر شیرافضل مروت کی پوزیشن چینج کی ہے تو اس کے لیے آپ پوری پارٹی کو خراب نہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی پر الزام لگانے کی جرات باہر سے کسی کی نہیں ہوئی ،آپ نے پارٹی کے اندر سے یہ الزام لگا دیا ہے اور یہ کہنا کہ پارٹی مردہ گھوڑا تھا، پارٹی کبھی بھی مردہ گھوڑا نہیں ہے، تحریک انصاف کی وجہ سے آج آپ کو پہچان ملی ہے،شیر افضل مروت اس قدر مشہور ہیں تو صرف اور صرف عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی وجہ سے مشہور ہوئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت تحریک انصاف کے ایک عام ورکر ہیں اور تحریک انصاف کے باقی عام ورکر بھی آپ سے اسی وجہ سے محبت کرتے ہیں کہ آپ پاکستان تحریک انصاف کے ورکر ہیں اس کے علاوہ آپ کی کوئی بھی پہچان نہیں ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News