پیر,  20 مئی 2024ء
شیر افضل مروت کاپارٹی قیادت کے خلاف بغاوت کا اعلان

راولپنڈی(نیوزڈیسک)شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

شیرافضل مروت نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کل بھی ملاقات کیلئے آیا آج بھی ملاقات کیلئے آیا لیکن آج بھی ملاقات نہیں کرائی گئی۔ لگتا ہے سپرٹینڈنٹ کوبھی کوئی زہر کھلایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری ملاقات میں شبلی فراز اور عمر ایوب حائل ہیں۔ شبلی فراز نے خان صاحب کو سعودی سفیر کا پیغام پہنچایا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(پی اے سی) کے لیے میری نامزدگی پر تحفظات ہیں، مجھے ایسی کمیٹی کا عہدہ ہی نہیں چاہیئے جس میں شبلی فراز اور عمر ایوب حائل ہوں۔ میں نے پی ٹی آئی کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ خیبر پختو خوا سے کراچی تک پی ٹی آئی کو متحرک کیا ہے۔ پولیٹیکل کمیٹی کے ساتھ بانی پی ٹی آئی نے میرا نام فائنل کیا تھا لیکن کمیٹی میں ووٹنگ کے ذریعے میرا نام مسترد کیا گیا۔ کیا یہ ایک شخص کی تذلیل نہیں کہ بار بار میرا نام پی اے سی سے ڈراپ کیا جارہا ہے۔ مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جارہا کچھ لوگ میرے خلاف ہوگئے ہیں۔

شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ میں ہر طرح سے عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑا رہوں گا لیکن کبھی قبضہ مافیا کے ماتحت کام نہیں کروں گا۔ ہماری جنگ تھی کہ ہم دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں لیکن میرے علاوہ کوئی احتجاج کیلئے نہیں نکلا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں خوشامد والا نہیں ہوں بلکہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات کا پابند ہوں، بانی پی ٹی آئی بلائیں گے تو آؤں گا لیکن ان کیساتھ کام نہیں کروں گا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News