اتوار,  19 مئی 2024ء
رفح پر اسرائیل کا زمینی حملہ ناقابل تصور تباہی کا سبب بنے گا،علامہ شبیر میثمی

اسلام آباد (سدھیر احمد کیانی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رفح پر اسرائیل کا زمینی حملہ ناقابل تصور تباہی کا سبب بنے گا، رفح میں پناہ لیے زخمی، نہتے اور بے گھر فلسطینی عوام کو خوراک، پانی، ادویات اور کپڑوں کی شدید قلت کا پہلے سے ہی سامنا ہے۔

غزہ کے گنجان ترین علاقے رفح میں اسرائیل کے حملے کا نتیجہ قتل عام اور ناقابل تصور انسانی تباہی کی صورت میں برآمد ہو گا، امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تحریک انسانی اقدار کی پاسداری اور حیات کا باعث ہے، طلباء نے غزہ کے مظلومین کی حمایت کر کے بے ضمیر حکمرانوں کو آئینہ دکھایا ہے اور فلسطینی عوام کے لیے ڈھارس کا باعث بنے ہیں، اس تشویشناک اور کربناک صورتحال پر انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ رفح میں اس وقت تقریباً پندرہ لاکھ افراد نے پناہ لے رکھی ہے، جہاں زمینی حملوں کے نتیجے میں محدود پیمانے پر جاری امدادی کارروائیاں بھی بند ہو جائیں گی اور انسانی المیے کی صورتحال انتہائی سنگین شکل اختیار کر جائے گی، اسرائیلی فوج نے پہلے ہی رفح شہر کو اپنے مسلسل وحشیانہ فضائی حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے، اگر اسرائیل نے رفح شہر پر زمینی حملہ کیا تو غزہ کی پٹی میں شہریوں کو پناہ لینے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News