اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں غیر ملکی سفراء اور ریجنل سکیورٹی افسران کے ساتھ ملاقات کی ، ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں غیر ملکی سفراء اورریجنل سکیورٹی افسران کے ساتھ ملاقات کی ،اس موقع پر ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے،آئی جی اسلام آبادنے شرکاء میٹنگ کو ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات کے متعلق آگاہ کیا ۔
انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں پولیس خدمت مرکز قائم کیا جائے گا جہاں سائلین کو ایک چھت تلے پولیس سے متعلقہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی، انہوں نے کہاکہ وفاقی دارلحکومت میں واقع سفارت خانوں، اقوام متحدہ اور غیر ملکی دفاتر کی سکیورٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کو جدید تکنیکی وسائل کی مد د سے مزید موثر بنایا گیاہے۔
اس سلسلہ میں ڈپلومیٹک انکلیو کی حفاظتی دیوار کو دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے،ڈپلومیٹک انکلیو کے داخلی و خارجی راستوں، چار دیواری اوراندورنی راستوں پر جدیدکیمرہ جات نصب کیے گئے ہیں،جبکہ گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں اور پیدل اشخاص کی تلاشی اور کوائف کاانداج عمل میں لایا جارہا ہے،ڈپلو میٹک انکلیو میں موبائل اور پیدل گشت کو مزید بڑھایا گیاہے،انہوں نے مزید کہاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کی صورت میں موبائل ایپ اور پینک الرٹ سسٹم بھی متعارف کردیا گیا ہے۔
جبکہ باہمی رابطے کو مزید بہتر بنانے کے لئے واٹس ایپ گروپ بھی فعال ہے،ملاقات میں شرکاء نے آئی جی اسلام آباد سے ڈپلومیٹک انکلیو میں درپیش مسائل کی بابت سوالات کئے اور ان کے حل کے لئے سفارشات پیش کیں ، آئی جی اسلام آباد نے مسائل کو حل کرنے کے لئے احکامات جاری کیے۔