مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو کر رہ گیا، موٹر وے بھی مختلف مقامات سے بند
لاہور (نیوز ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، دھند کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو ا ۔
ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، ہزارہ ایکسپریس وے، ایم 1کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے برہان، پشاور سے صوابی، ایم 2کو للہ سے کلر کہار، بلکسر سے اسلام آباد مین ٹول پلازہ، سوہاوہ چکوال موڑ سے ٹی چوک اور کوٹ مومن سے چکری تک بند کر دیا گیا ۔ایم 3کو فیض پور سے درخانہ، ایم 4کو شام کوٹ اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں، ایم 5کو اٹک خورد سے مانسر، ڈیزرٹ سٹار سی این جی سے 26نمبر چنگی، اٹک خورد سے حکیم آباد اور ایم 14کو ہکلہ سے کوٹ بیلیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10سے شام 6بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130سے رابطہ کریں۔ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو کر رہ گیا۔مختلف ایئرپورٹس پر حد نگاہ کم ہونے کے باعث منگل کے روز بھی متعدد پروازیں اڑان نہ بھر سکیں جبکہ 4غیر ملکی پروازیں متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں۔شارجہ سے اسلام آباد کے لیے پرواز پی کے 182اور جدہ سے پشاور کے لیے ای آر 852کو لاہور اتارا گیا جبکہ کویت سٹی اور شارجہ سے سیالکوٹ کی پروازیں پی کے 240اور 210بھی لاہور منتقل کردی گئیں۔سی اے اے ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے جدہ کی غیر ملکی ایئر لائن کی ایک پرواز منسوخ کر دی گئی جبکہ اسلام آباد سے کوئٹہ کی 4پروازیں پی کے 325، 326، ای آر 540اور 541اڑان نہ بھر سکیں۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے گلگت کی پروازیں پی کے601، پی کے 602، اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز پی کے 262اور دبئی کی پرواز پی کے 233 بھی روانہ نہ ہو سکی۔اسلام آباد سے شارجہ کی پرواز پی کے 181، العین کی پرواز پی کے 143جبکہ کراچی سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 6369اور پی کے 370بھی منسوخ کر دی گئیں۔لاہور سے کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کی 2پروازیں پی کے 322، 323، لاہور سے کراچی کے لیے پروازیں پی کے 6313، ای آر 520، 525، کراچی سے کوئٹہ کے لیے پروازیں پی کے 310، 311اور ملتان کی پروازیں پی کے 330، 331بھی اڑان نہ بھر سکیں۔اسی طرح ملتان سے شارجہ کے لیے پی آئی اے کی دو پروازیں پی کے 293، 294، کراچی سے جدہ کے لیے ای آر 811اور پشاور سے ابوظہبی کے لیے پرواز پی کے 217بھی روانہ نہ ہو سکی۔
دوسری جانب شدید دھند کی وجہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا ہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کراچی سے اسلام آباد آنے والی فلائی جناح کی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ نہ کر سکی، پرواز FJL-674کے کپتان نے طیارے کو کئی بار لینڈ کرانے کی کوشش کی، پرواز میں 150سے زائد مسافر سوار تھے۔