جمعرات,  02 مئی 2024ء
لیڈی کانسٹیبل نے اپنے ہی محکمے پرسنگین الزامات عائد کردیئے،آئی جی پنجاب سے معاملے کی انکوائری کا مطالبہ

سرگودھا(روشن پاکستان نیوز)مبینہ طور پر متاثرہ لیڈی کانسٹیبل ضلع سرگودھا نے اپنی ہی محکمے پر سنگین الزمات عائد کرتے ہوئے انکوائری کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو خط لکھ دیا ۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر متاثرہ لیڈی کانسٹیبل نے آئی جی پنجاب کو خط میں لکھا کہ میں سرگودھا میں اس وقت لیڈیز پولیس کے نمائندہ کے طور پرآپ کی ایک اہم اور گھنائونے وقوعہ کی طرف توجہ مبذول کروانا چاہوں گی کیونکہ عام عوام آج کل پولیس لائن سرگودھا کو اچھا نہیں سمجھتی جس کی اہم وجہ وہاں کرپٹ ،اورمتنازعہ قسم کا عملہ تعینات ہے ۔

خاتون کانسٹیبل نے خط میں لکھا کہ نیو ریکروٹ ہونے والی بچیاں جن کی عمر بمشکل اٹھارہ سے بیس سال ہے، غریب نادار ،گھروں کی بچیاں جو مجبوری میں لیڈی کانسٹیبل کی نوکری کرنے کو تیار ہیں۔ ان سب کو چوبیس گھنٹے لائن کا پابند کر دیا گیاہے اور جو وہاں تعینات لیڈی محرر کے غیراخلاقی مطالبات مان لے اسے گھر بھی جانے دیا جاتا ہے ،اسکی ڈیوٹی بھی نہیں لگائی جاتی اور اسکا کھانا بھی سپیشل آجاتا ہے اور جو ہمارے جیسی اس مشکل گھڑی میں ایک مسلمان کی حیثیت سے ان کے غیراخلاقی مطالبات نہ مانیں اسکی صبح شام ڈیوٹی لگا دی جاتی ہے، پھر ہفتے بعد وہ گھر جائے تو جان بوجھ کر اسکے گھر والوں کو کال کر کے کنفرم کیا جاتاہے کہ آپ کی بیٹی تو کافی دیر سے گھر گئی ہوئی ہے تاکہ گھر والے بھی اسی پر شک کریں اور جو انکے کالے کرتوتوں میں شامل ہو جائے اسکے لئے کوئی قانون نہیں۔

انہوں نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ خدارا! اس ڈیپارٹمنٹ کو اس درجہ زوال میں جانے سے بچا لیں۔

انہوں نے لکھا کہ اس سال بھرتی ہونے والی لیڈیز میں سے کس نے استعفی دیا اور کیوں استعفی دیا؟ کاش آپ لوگ اس معاملے کی انکوائری کروالیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے ۔

مزیدپڑھیں:یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم سرگودھا سے گرفتار

سرگودھا کی عام عوام بھی اس بات کی گواہ بن چکی ہے۔ آپ آئی جی آفس لاہور انکوائری بلائیں۔ اور کسی بھی لیڈی کا نام ظاہر نہ کریں۔ یہاں سے اپنی مرضی سے لیڈیز کو بلائیں۔ انکی عزتیں بھی محفوظ کریں۔ صرف اپنا نام نہ آنے کے ڈر سے یہ بچیاں چپ ہیں۔

خط میں انہوں نے لکھا کہ ایک دو نے ڈی پی اوکے سامنے پیش ہونا چاہا اسے پہلے سے زیادہ بدنام کر دیا گیا۔ ڈی پی او نے بھی انکی بیعزتی کر کے آفس سے نکال دیا۔

خط کے مطابق میری آئی جی پنجاب ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل ہے خدارا سرگودھا کی معصوم بچیوں کو اس درندگی سے بچایا جائے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News