اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں سیکرٹری داخلہ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی کے کیس پرسماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔
زین قریشی کی جانب سے وکیل سید علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسارکیا کہ آپکی درخواست پر اعتراض ہے کہ دوسرے صوبوں سے یہ ہائیکورٹ کیسے رپورٹ مانگ سکتی ہے، ہم یہاں سے باقی صوبوں کو ہدایات کیسے دیں؟ جس پر وکیل علی بخاری نے جواب دیا کہ اسی ہائیکورٹ سے عمر ایوب کیس میں سارے صوبوں سے رپورٹ منگوائی گئی تھی۔
عدالت نے استفسار کیاکہ عمر ایوب کیس کی کس بنچ نے سماعت کی تھی؟ جس پر زین قریشی کے وکیل نے کہا کہ عمر ایوب کیس میں چیف جسٹس نے سماعت کی تھی، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ اُس آرڈر کی کاپی جمع کروادیں ، ہم نوٹس کر رہے ہیں ،تفصیلات مانگ لیتے ہیں۔
جسٹس ارباب طاہرنے کہا کہ آپکے علم میں ہے دوسرے صوبوں میں کوئی مقدمہ درج ہے، وکیل علی بخاری نے کہا کہ پرسوں ہم نے پنڈی سے 12 اور فیصل آباد سے دو کیسوں میں ضمانت کروائی ہے ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ، عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد ، چاروں صوبوں کے آئی جیز اور ایف آئی اے سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے زین قریشی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے زین قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی ۔
واضح رہے کہ 5 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرکے 29 اپریل تک جواب طلب کرلیا تھا۔
16 اپریل کو زین قریشی نے اپنے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔