جمعرات,  02 مئی 2024ء
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہےکہ دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے ہمیں اپنے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر داخلہ کے زیرصدارت نیکٹا ہیڈکوارٹر میں نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سربراہ نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے، پنجاب۔ سندھ۔ خیبرپختونخوا۔ بلوچستان۔ آزاد کشمیر ۔گلگت بلتستان۔ اسلام آباد کے آئی جیز اور سیکرٹریز داخلہ نے شرکت کی۔

نیشنل کوآرڈینٹر نیکٹا۔ نیشنل ایکشن پلان اور انٹیلیجنس اداروں کی تمام ٹیم اور چیف کمشنرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان بھر میں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی دینے کے بارے بریفنگ دی گئی، پورے پاکستان کی پولیس کو نئی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے لیے تفصیلی مشاورت و غور کیا گیا۔

اجلاس میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے بارے میں کئے گئے اقدامات کا بغور جائزہ لیاگیا۔

تمام آئی جیز نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور حفاظت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وضع کردہ ایس او پیز پر عملدر آمد نہ کرنے والوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ایرانی صدر کے دورہ کے دوران اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ پولیس سمیت تمام سیکیورٹی ادارے چینی شہریوں کی حفاظت کے ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایں۔

انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے ایس او پیز پر عملدرآمد میں غفلت پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے ہمیں اپنے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہو گا، وفاق اس ضمن میں صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

محسن نقوی نے کہاکہ کچے کے علاقے سے شر پسندعناصر کا مشترکہ آپریشن سے مستقل خاتمہ کیا جائے گا۔ کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کے لئے ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے گزشتہ چند ماہ میں اچھی پیشرفت ہوئی اور اس میں خاطر خواہ کمی آئی، تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی سے سمگلرز کے خلاف سخت قانونی کاروائی کو یقینی بنائیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News