بدھ,  19 جون 2024ء
اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نگراں وزیراعظم

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی ترقیاتی ادارے کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں بائیسکل لینز منصوبے اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بائیسکل لینز منصوبے میں 374 کلومیٹر لینز اور 150 پارکنگ اسٹیشنز کی تعمیر شامل ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ بائیسکل لینز کا منصوبہ اسلام آباد کے لئے ایک ماحول دوست منصوبہ ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔


انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے، اسلام آباد ماسٹر پلان کے جائزے کے لیے وفاقی کمیشن کی تشکیل جلد از جلد کی جائے جبکہ اسلام آباد میں نئے رہائشی منصوبوں کے لیے عمودی تعمیرات کو ترجیح دی جائے۔
نگراں وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے ہائی رائز عمارات کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں پانی کے مسئلے کے جلد از جلد حل کی ہدایت کی۔


انہوں نے متعلقہ حکام کو شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ کہ اسلام آباد میں پارکنگ کے مسئلے کے حل کے لیے پارکنگ کے لیے مخصوص عمارتیں تعمیر کی جائیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News