اسلام آباد(حفصہ یاسمین)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء اوررکن قومی اسمبلی سحر کامران نے آصفہ بھٹو کے بطوررکن قومی اسمبلی حلف اٹھانے پر پی پی قیادت اور پیپلزپارٹی کے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصفہ بھٹوکے بطوررکن قومی اسمبلی حلف اٹھانے کایہ اہم موقع ہمیں واقعی 1988 میں اس تاریخی لمحے کی یاد دلاتا ہے جب ہماری بی بی بے نظیر بھٹو نے حلف اٹھایا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء اوررکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہاکہ شہید بی بی ایک اہم جیت کے ساتھ پارلیمنٹ میں واپس آگئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج میرے پاس اپنے جذبات کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں لیکن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی نظم ’’بے نظیر کی کہانی‘‘ ان سب خیالات اور جذبات کو سمیٹتی ہے۔
جیسے جیسے تاریخ کا پنڈولم جھوم رہا ہے۔
صحرا کی ہوا پکارتی ہے۔
ماروی پکارتی ہےایک بے وقت پکار۔
ایک پکار، صحرا کی ہوا لے جاتی ہے۔
بچے: صحرا کی ہوا سنو، سرگوشیاں سنو، یقین رکھو، ہم جیتیں گے۔

اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو مبارکباددی اورلکھا کہ جناب صدر شہید بے نظیر کے وژن کو حقیقت میں بدلنے پر آپ کو ڈھیروں مبارکبادیں ۔
یادرہے کہ قومی اسمبلی اجلاس میں نو منتخب رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو نے ایوان کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نومنتخب رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو سے حلف لیا۔آصفہ بھٹو نے رول سائن کیا ۔

آصفہ بھٹو کے حلف اٹھانے پر ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر مبارکباد دی ۔اپوزیشن ارکان کی جانب سے بھی ڈیسک بجائے گئے اور جیئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے ۔











