جمعه,  26 جولائی 2024ء
شاہد تارڑ کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)عام انتخابات 2024ء کی تیاریوں کی نگرانی کے لیے وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے کنوینر نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات، میری ٹائم افیئرز اور ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نگران وفاقی وزیر نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی تیاریوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
نگران وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم کی قائم کردہ اس کمیٹی کا بنیادی مقصد عام انتخابات 2024ء کی سیکیورٹی کی نگرانی اور انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے جملہ انتظامات اور روابط میں حائل دشواریوں کو دور کرنے کے علاوہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی سیکیورٹی کی فوری ضرورت کے پیش نظر ضروری ہدایات دینا اور عام انتخابات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر عمل درآمد کرانا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سراہتے ہوئے نگران وفاقی وزیر کو ضروری ہدایات اور تجاویز دیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ذاتی طور پر ان تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اسی ہفتے چاروں صوبائی دارلحکومتوں کا دورہ کریں اور نگران صوبائی حکومتوں، چیف سیکرٹری صاحبان اور آئی جی صاحبان سے ملاقات کر کے انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی کا فوری طور پر ازالہ کریں اور بعد ازاں اپنے ان دوروں کی تکمیل پر تفصیلات سے کمیشن کو بھی آگاہ کریں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News