اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے سینیٹ انتخابات میں سندھ سے تمام 01نشستیں جیتنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور تمام منتخب سینیٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ شاندار کامیابی صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے سینیٹ انتخابات میں سندھ سے تمام 01نشستیں جیتنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور تمام منتخب سینیٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ شاندار کامیابی صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبے سے 10 نشستوں پر پیپلز پارٹی کی کامیابی ایک اچھی نوید ہے۔
سحرکامران نے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کا نام لئے بغیر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوام ان کی اصلیت اور ماضی کے بارے میں جانتےہیں ،اس لئے وہ میدان سے بھاگ گئے ہیں ۔
رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ پی پی کی قیادت اور جیالے کارکن نقصان اٹھاتے رہے، قربانیاں دیتے رہے پر کبھی ظالم، آمر اور یزید کے سامنے نہیں جھکے، آج کی ہماری جیت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ،پیپلزپارٹی میدان سے کبھی نہیں بھاگی ،ہمیشہ سیاسی حریف کا مقابلہ سیاست کے میدان میں کیا ۔
مزیدپڑھیں:مسیحی برادری کو پُرامن ایسٹر کی مبارکباد، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کراچی سے کشمیر تک انتخابی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام کا ہماری پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے کہاکہ آنے والے ضمنی الیکشن میں بھی پی پی بھرپور حصہ لے گی اور انشا ء اللہ فتح یاب ہوگی۔
یادرہے کہ سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی 12 نشستوں میں سے 10 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔ انتخاب میں ایک نشست پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔
سندھ اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا، جہاں پولنگ کا عمل صبح 9 نبجے سے شام 4 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔
اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین موجود تھے۔
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللّٰہ نے نتائج کا اعلان کیا۔
جنرل نشست پر اشرف علی جتوئی، دوست علی جیسر، کاظم علی شاہ، مسرور احسن، ندیم بھٹو منتخب ہوئے، ان تمام کا کامیاب امیدواروں کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔
جنرل نشست پر ایم کیو ایم پاکستان کے عامر چشتی سینیٹر منتخب ہوئے آزاد امیدوار فیصل واوڈا بھی سندھ اسمبلی سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔
خواتین کی نشست پر روبینہ قائم خانی، قراۃ العین مری جبکہ اقلیت کی نشست پر پنجومل بھیل کامیاب ہوکر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ ان تمام امیدواروں کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے۔
اسی طرح سندھ سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ نشست پر پیپلز پارٹی کے سرمد علی اور ضمیر گھمرو سینیٹر منتخب ہوگئے۔
جماعتِ اسلامی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین ووٹ کاسٹ کرنے نہیں پہنچے جبکہ جی ڈی اے کے 3 اراکینِ سندھ اسمبلی نے تاحال اپنا حلف نہیں اٹھایا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوں کے لیے 19 امیدوار مدِ مقابل تھے۔
سندھ سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار مدِمقابل تھے جن میں پیپلز پارٹی کے 5، ایم کیو ایم پاکستان کا 1، تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ 3 امیدوار میدان میں تھے۔ فیصل واؤڈا بطور آزاد امیدوار اس دوڑ میں شامل تھے۔
سندھ سے ٹیکنو کریٹ و علماء کی 2، خواتین کی 2، اقلیتوں کی 1 نشست پر بھی آج انتخاب ہوا۔











