اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)2اپریل کو سینیٹ کی 30 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ سینیٹ انتخاب میں 59 امیدواران مد مقابل ہیں۔
ترجمان کےمطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، بیلٹ پیپرز کی طباعت اور ریٹرننگ افسران کو الیکشن میٹریل کی ترسیل کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 خالی نشستوں پر انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن پروگرام کا نوٹیفکیشن 14 مارچ کو جاری کیا۔
الیکشن شیڈول کے مطابق سینیٹ کی 29 جنرل، 8 خواتین، 9 ٹیکنو کریٹ /علماء اور 2 غیر مسلم کی نشستوں پر انتخاب 2 اپریل کو ہونا ہے۔
سینیٹ انتخاب کے لیے کل 147 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کی حتمی لسٹ جاری کردی ہے، 18 امیدواران بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ پنجاب کی 7 جنرل نشستوں، بلوچستان کی 7 جنرل نشستوں، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ/ علماء کی نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت سے مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار اور پیپلز پارٹی کے رانا محمود الحسن امیدوار ہونگے۔
دونوں امیدوار کل اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر دیں گے۔
افطار ڈنر پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی اجلاس کے بعد دیا جائے گا۔
حکمران اتحاد کے تمام اراکین کو افطار ڈنر کے دعوت نامے جاری کردیئے گئے۔











