لاہور(روشن پاکستان نیوز)لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک وحید کی کالے شیشوں والی گاڑی روکنے پر تھانیدار کا تبادلہ کردیا گیا۔
سب انسپکٹر نے اہلکاروں کے ہمراہ ایم پی اے کی کالے شیشوں والی گاڑی روکی تھی۔ گاڑی مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک وحید کی تھی اور وہ خود اس میں موجود تھے۔
ممبر صوبائی اسمبلی ملک وحید اور پولیس اہلکاروں کے درمیان گفتگو کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں ملک وحید کہتے ہیں کہ میں ملک وحید ہوں، کوئی ایرا غیرا ایم پی اے نہیں ہوں۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی رہنمافیصل جاوید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر
ایم پی اے ملک وحید اصرار کرتے ہیں کہ کیمرے کے سامنے معافی مانگو ورنہ انجام اچھا نہیں ہوگا۔
ایس آئی یاسر اور اہلکاروں نے ایم پی اے ملک وحید سے معافی مانگی تو جان چھوٹی۔ بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے سب انسپکٹر یاسر کا تبادلہ کرکے جوڈیشل ونگ بھیج دیا۔
دوسری جانب رکن پنجاب اسمبلی ملک وحید اعوان کا ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد حلقے میں ریلی کی صورت میں انجمن تاجران کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا تو پولیس اہلکاروں نے ہماری گاڑیوں کو جان بوجھ کر روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے بہانے عوام میں ہمارا مذاق بنانے کی کوشش کی گئی۔ سیاسی ریلی تھی، عوامی نمائندہ ہوں اور عوام کے سامنے تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا، پولیس کی زیادتی پر کارکن طیش میں آگئے۔
ملک وحید اعوان کا کہنا تھا کہ پولیس دوست ہوں، پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں۔