کراچی(روشن پاکستان نیوز)پاک بحریہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشن کے دوران ساڑھے 14 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی شراب ضبط کر لی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (پاک بحریہ) کے مطابق 21 مارچ کو پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس نے شمالی بحیرہ عرب میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے تعاون سے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن میں شراب کی 4104 بوتلیں برآمد کی گئیں۔ ضبط شدہ شراب کی مالیت تقریباً 14 کروڑ 56 لاکھ روپے ہے۔ ضبط شدہ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پاکستان کسٹمز کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (پاک بحریہ) کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں جہاں جرائم پیشہ افراد اپنے مذموم عزائم کے سبب پاکستان کو بدنام کرنے میں مصروف عمل ہیں پاک بحریہ، پی ایم ایس اے اور پاکستان کسٹمز کا کامیاب مشترکہ آپریشن اس عزم کا اعادہ ہے کہ ملکی بحری اور زمینی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہماری افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کاکہنا ہے کہ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے سمندر میں نظم و نسق قائم کرنے کے لیے اپنی قومی ذمہ داریوں اور فرائض کو نبھاتے رہیں گے۔